ذیشان علی: 40 سالہ ایئر فورس پائلٹ اور ’پاکستانی خلا باز‘ کون ہیں؟

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 8 منٹ

پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چینی شین ژو-24 مشن کے ساتھ خلا کی جانب روانہ ہو گئے ہیں اور یوں وہ خلا کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ وہ چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں چھ روز قیام کے دوران متعدد سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔

شینژو۔24 انسانی خلائی مشن کے لیے پاکستان نے دو امیدواروں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا تھا، جنھوں نے چین میں اپنی تربیت مکمل کی۔

سپارکو سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق محمد ذیشان علی 40 سالہ پاکستانی پائلٹ ہیں اور ان کا تعلق پاکستان ایئر فورس سے ہے۔

فوجی پائلٹ ہونے کے باعث انھیں تیز رفتار پرواز، جسمانی دباؤ، تکنیکی نظام اور ہنگامی حالات میں فیصلے کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ یہی صلاحیتیں خلائی سفر کے لیے امیدواروں کے انتخاب میں اہم سمجھی جاتی ہیں۔

ذیشان علی کو چین میں تقریباً سات ماہ کی خصوصی تربیت کے بعد شینژو-24 کے لیے منتخب کیا گیا۔ وہ اس مشن میں چین کے دو خلا بازوں کے ساتھ خلائی سٹیشن پہنچیں گے اور سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔

محمد ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کی پہلی مشترکہ خلائی پرواز بھی ہو گی۔

ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں کئی روز قیام کریں گے، جہاں وہ سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

مشن مکمل ہونے کے بعد وہ شینژو۔23 مشن کے دو چینی خلا بازوں کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے۔

محمد ذیشان علی کا کہنا ہے کہ اس تاریخی مشن میں شرکت کو وہ صرف ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی سمجھتے ہیں۔

’میں پاکستانی عوام کے خواب اپنے ساتھ خلا میں لے جا رہا ہوں‘

Zeeshan Ali
تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

رواں سال چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت پاکستانی امیدوار کے طور پر منتخب ہونے کے بعد محمد ذیشان علی نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی۔

اس میں چینی زبان سیکھنے، خلائی جہاز کے نظام کو سمجھنے، صفر کششِ ثقل سے متعلق تربیت اور سخت جسمانی مشقیں شامل تھیں۔

سپارکو سے حاصل ہونیو الی معلومات کے مطابق ذیشان علی اور خرم داؤد نے 24 اپریل 2026 کو چین کے آسٹروناٹ سینٹر میں اپنی تربیت شروع کی تھی۔

یہ تربیت عام پائلٹ کی تربیت سے مختلف اور کہیں زیادہ پیچیدہ تھی، کیونکہ خلا میں انسانی جسم پر زمین کے مقابلے میں مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ خلائی جہاز کی روانگی، زمین کے مدار میں داخل ہونے، خلائی سٹیشن سے جڑنے اور واپس زمین پر آنے کے دوران خلا بازوں کو مختلف جسمانی اور تکنیکی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تربیت کے اہم حصوں میں سینٹری فیوج ٹریننگ، تیز رفتار گردش اور خلائی جہاز کی روانگی و واپسی کے دوران جسم پر پڑنے والے شدید دباؤ کو برداشت کرنا، سمولیٹر ٹریننگ، خلائی جہاز کے مختلف نظاموں کو سمجھنا اور ان کی عملی مشق کرنا۔،ریسکیو اور سروائیول ٹریننگ، ہنگامی حالات میں اپنی حفاظت اور بقا کے طریقے سیکھنا، ایمرجنسی پروسیجرز، خلائی جہاز میں تکنیکی خرابی یا کسی غیر معمولی صورت حال سے نمٹنے کی مشق، چینی زبان، چینی خلا بازوں، مشن کنٹرول اور خلائی جہاز کے تکنیکی نظام کے ساتھ رابطے کے لیے زبان سیکھنا شامل تھا۔

محمد ذیشان علی نے منگل کو کہا کہ وہ خلا میں جاتے ہوئے صرف اپنی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی امیدوں اور خوابوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

چین کے سرکاری اخبار شنگھائی ڈیلی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیے گئے بیان میں محمد ذیشان علی نے کہا: ’بطور پاکستانی میں اپنے ساتھ پاکستانی عوام کے خواب لے کر جا رہا ہوں۔

’چین اور پاکستان کے لوگ ہم سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ خلا میں مل کر کام کرتے ہوئے ہم انسانیت کے مستقبل کے لیے ایک ساتھ کوشش کر رہے ہیں۔‘

شنگھائی ڈیلی کے مطابق محمد ذیشان علی شینژو۔24 مشن کے دوران خلا میں پاکستان کے منتخب کردہ چار سائنسی تجربات اور ٹیسٹ انجام دیں گے۔

ذیشان علی کا تعلق صوبہ پنجاب کے ’شاہینوں کے شہر‘ سرگودھا سے ہے۔ وہ پاکستانی فضائیہ کے حاضر سروس ونگ کمانڈر ہیں۔ سپارکو حکام نے بی بی سی کے نامہ نگار اعظم خان کو بتایا کہ ذیشان علی کا خاندان بھی اس وقت چین میں موجود ہے اور ان کی واپسی بھی ذیشان علی کے مشن کی کامیابی کے بعد ہوگی۔

ایکس ہینڈل ’سی این سپیس‘ پر اپ لوڈ کی گئی گفتگو میں محمد ذیشان علی نے اپنی تربیت کے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بطور فائٹر پائلٹ انھیں سخت جسمانی اور تکنیکی تربیت سے گزرنا پڑا۔

ان کے مطابق: ’میں سنٹری فیوج ٹریننگ، ریسکیو اینڈ سروائیول ٹریننگ اور ایمرجنسی پروسیجر ٹریننگ سمیت مختلف مراحل سے گزرا ہوں، لیکن سچ پوچھیں تو سب سے بڑا چیلنج چینی زبان میں مہارت حاصل کرنا تھا۔‘

انھوں نے کہا کہ خلائی جہاز کے تمام سوئچز، سافٹ ویئر، پروگرامز اور صوتی اعلانات چینی زبان میں ہوتے ہیں، اس لیے انہیں نہ صرف روزمرہ کی چینی بلکہ تکنیکی اصطلاحات پر بھی عبور حاصل کرنا پڑا۔

محمد ذیشان علی نے اپنے چینی ساتھی خلا بازوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انھیں ایسے ساتھی ملے جو ان کی ’رائے کا احترام کرتے ہیں اور ہم مل کر کسی بھی صورتحال کا مشترکہ حل نکالتے ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ عملے کے ارکان کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور دوستی دراصل ’پاکستان اور چین کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔‘

تاہم محمد ذیشان علی کا اصل کام صرف خلائی سفر کرنا نہیں بلکہ پاکستان کے منتخب کردہ سائنسی تجربات کو خلا میں انجام دینا بھی ہو گا۔

پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو کو ملکی جامعات اور تحقیقی اداروں سے 300 سے زیادہ تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے چار تجربات کو چینی ماہرین نے اس مشن کے لیے منتخب کیا۔

یہ تجربات بنیادی طور پر حیاتیاتی سائنس (بایوٹیکنالوجی) سے متعلق ہیں اور ان کا مقصد غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور مستقبل کی خلائی تحقیق کے شعبوں میں نئی معلومات حاصل کرنا ہے۔

ان تجربات کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ لانچ مشن کی انتظامی اور تکنیکی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔

پاکستانی خلا باز کے لیے حلال خوراک اور چینی و انگریزی زبانوں میں ہدایات

پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی شینژو۔24 مشن کے عملے کے ساتھ۔
،تصویر کا کیپشنپاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی شینژو۔24 مشن کے عملے کے ساتھ۔

چونکہ اس مشن میں ایک پاکستانی خلا باز بھی شامل ہیں، اس لیے چینی خلائی پروگرام کے متعلقہ شعبے نے چینی اور انگریزی زبانوں میں آپریشنل ہدایات تیار کی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی خلا باز کی کھانے کی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے حلال خلائی خوراک کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

لانچنگ مرکز کے اہلکار ژاؤ یان کے مطابق روانگی سے قبل آخری مرحلے میں مرکز کے حالات اور درجہ حرارت میں تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص اقدامات کیے گئے ہیں۔ درجہ حرارت اور نمی کی مسلسل نگرانی کے لیے ایک ذہین نظام بھی استعمال کیا گیا تاکہ جانچ اور روانگی سے متعلق تمام ضروری تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

چین کے شینژو۔24 خلائی جہاز اور لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کو 17 نومبر کو لانچنگ کے مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔ جبکہ یہ خلائی جہاز بدھ کے روز بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا جائے گا۔

شینژو۔24 مشن میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو کمانڈر ہوں گے، ان کے ساتھ وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہوں گے۔

یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان کئی برسوں سے جاری خلائی تعاون کا تسلسل ہے۔ اس تعاون میں چین کی جانب سے پاکستانی سیٹلائٹس کو خلا میں بھیجنا اور تقریباً 2028 میں چین کے چانگ ای 8 قمری مشن کے ذریعے پاکستان کا تیار کردہ روور چاند پر بھیجنے کا منصوبہ شامل ہے۔

چین نے 2022 میں اپنے تیانگونگ خلائی سٹیشن کی تعمیر مکمل کی تھی اور اب وہ اپنے خلائی پروگرام میں بین الاقوامی شراکت داری بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین کا ہدف 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنا بھی ہے۔

چینی سپیس سٹیشن

پاکستان کے پاس اپنا انسانی خلائی جہاز یا خلا میں انسانوں کو بھیجنے کے لیے راکٹ موجود نہیں، اس لیے اس مشن کے تمام اہم مراحل کے لیے چین پر انحصار کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستانی خلا باز خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزاریں گے، جو وہاں چینی خلا بازوں کے معمول کے تقریباً چھ ماہ کے قیام کے مقابلے میں بہت مختصر ہے۔

پاکستانی خلا باز چین کے ایک ایسے عملے کے دو ارکان کے ساتھ زمین پر واپس آئیں گے جو مئی میں خلائی سٹیشن پہنچا تھا، جبکہ اس عملے کا تیسرا رکن خلا میں انسانی جسم پر طویل قیام کے اثرات کے مطالعے کے لیے تقریباً ایک سال تک سٹیشن پر موجود رہے گا۔

روئٹرز کے مطابق اب تک دنیا کے تقریباً 50 ملکوں کے شہری خلا میں جا چکے ہیں، تاہم اپنے تیار کردہ خلائی جہاز کے ذریعے انسانوں کو خلا میں بھیجنے کی صلاحیت صرف روس، امریکہ اور چین کے پاس ہے۔

چین کی جانب سے پاکستان کو اپنے خلائی سٹیشن پر خلا باز بھیجنے کی دعوت اس حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔

محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو خراجِ تحسین

SUPARCO
،تصویر کا کیپشنمحمد ذیشان علی اور خرم داؤد پاکستان کے خلا باز مشن کے دو امیدوار ہیں۔

پاکستان کے وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے شینژو۔24 مشن کے لیے محمد ذیشان علی کے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چین کے انسانی خلائی مشن کے عملے میں شامل ہونے والے پہلے بین الاقوامی خلا باز ہیں اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی بھی ہوں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وہ نہ صرف محمد ذیشان علی بلکہ خرم داؤد کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جو حتمی تربیتی مرحلے تک پہنچنے والے دو پاکستانی امیدواروں میں شامل تھے۔

ان کے مطابق دونوں کا انتخاب پاکستان کے بہترین پائلٹس اور سائنس دانوں میں سے کیا گیا تھا۔

وزیرِ منصوبہ بندی نے کہا کہ دونوں امیدواروں نے سینٹری فیوج اور سمیولیٹرز کی تربیت، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشقوں اور نئی زبان سیکھنے سمیت سخت تربیتی مراحل کامیابی سے مکمل کیے اور غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ اگرچہ محمد ذیشان علی خلا میں جانے والے پاکستانی خلا باز کے طور پر منتخب ہوئے ہیں، تاہم خرم داؤد بھی اپنی کارکردگی کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں